ملالہ یوسف زئی 13 سال بعد سوات میں آبائی گھر پہنچ گئیں

 ملالہ یوسف زئی نے جنوری میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کی تھی
—فوٹو: مراد علی خان

سوات (آئی آر کے نیوز): ملالہ یوسف زئی 13 سال بعد سوات میں آبائی گھر پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے 13 سال بعد ضلع سوات میں اپنے آبائی علاقے شانگلہ کا دورہ کیا، وہ اپنے آبائی گھر گئیں اور رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی۔

ملالہ یوسف زئی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک روزہ دورے پر اپنے گاؤں برکانہ شاہ پور پہنچیں۔ ملالہ یوسف زئی کے والد ضیا الدین یوسف زئی اور والدہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔

ملالہ یوسف زئی شانگلہ میں اپنے آبائی گھر گئیں اور رشتہ داروں سے ملاقات کی، اس کے بعد ملالہ نے یتیم بچیوں کے لیے تعمیر کیے گئے ملالہ یوسف زئی اسکول کا دورہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے جنوری میں پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں پاکستانی طالبان کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بیرون ملک منتقل کر دیا گیا تھا، پاکستان میں بعض لوگ ان کی سرگرمی سے مشتعل تھے اور اس کے بعد سے وہ جنوری 2025 میں دوسری بار پاکستان آئی تھیں۔

جدید تر اس سے پرانی