متحدہ عرب امارات سے 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانی ملک بدر،جبکہ 50 ہزار سے زائد ویزا درخواستیں مسترد ہونےکا انکشاف ہوا ہے۔
ڈان نیوزکی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گزشتہ 16 ماہ کے دوران 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کی ملک بدری اور 2024 میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے ویزہ کی درخواستیں مسترد کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستانی شہریوں
کے خلاف دنیا بھر کے کئی ممالک میں کریک ڈاؤن جاری ہے تاہم متحدہ عرب امارات نے اس
سلسلے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ملک بدر کیا ہے، اس کے علاوہ یو اے ای کی جانب
سے ویزا پالیسی مزید سخت کی جارہی ہے۔
وزارت خارجہ کےذرائع کے مطابق متحدہ عرب
امارات سے گزشتہ 16 ماہ میں 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ ستمبر 2023 سے
جنوری 2025 تک 4 ہزار 740 سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا گیا، یہ
پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ چکے ہیں، اس دورانیے
میں 5 ہزار 800 دیگر پاکستانی شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا۔