
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 فیصد کم ہونے کے باوجود پاکستان میں تیل مہنگا کرنے کی تیاری کرلی گئی۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یکم مارچ سے شروع ہونے والے 15 دنوں کے لیے جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ 28 فروری کو حتمی تخمینے کے مطابق ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت میں 4 سے ساڑھے 4 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر سے بھی کم کمی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ پیٹرول کی قیمت اس وقت 256 روپے 13 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 263 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہے، مٹی کے تیل کی سرکاری قیمت 171 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہے، لیکن یہ 300 سے 350 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔