لاہور (آئی آرکے نیوز): پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین شکست کے بعد مینجمنٹ اور پلیئنگ الیون میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈان اخبار میں ایک اہم رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں دعویٰ
کیا گیا ہے کہ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے متعلق یہ قیاس آرائیاں زیر گردش ہیں کہ
انہیں شائد مزید موقع نہیں ملے گا۔ یاد رہے کہ انہیں چیمپینز ٹرافی تک کے لیے ہیڈ
کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
مارچ میں ہونے والے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ایک اور عبوری کوچ تعینات
کیے جانے کا امکان ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کیلئے تلاش شروع کردی
ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ موجودہ سلیکشن کمیٹی کو بھی فارغ کیے
جانے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ امید بھی ظاہر کی جارہی ہے کہ نیوزی لینڈ کے
دورے کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع مل سکتا ہے، چیمپینز ٹرافی میں ناکام ہونے والے
سینیئر کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں مسلسل دو شکستوں
کے ساتھ چند روز میں ہی پاکستان کا
سفر تمام ہوگیا تھا اور پاکستان میزبان ملک ہونے کا باوجود چیمپئنز ٹرافی میں ایک
میچ بھی نہیں جیت سکی۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی
لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل
میں رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں جبکہ پاکستان کے ساتھ بنگلادیش بھی چیمپئنز
ٹرافی کے اگلے مرحلے سے باہر ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ نے افتتاحی میچ کھیلا
تھا جس میں قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اور نیوزی
لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی تھی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ول یونگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی
بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں قومی ٹیم 47.2 اوورز
میں 260 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔
بعد ازاں، 23 فروری کو میگا ایونٹ چیپمئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج ٹاکرے
میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست
دے دی تھی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کھیل کے ہر شعبے
میں پاکستانی ٹیم پر حاوی رہی، جبکہ شاہینوں نے ناقص بیٹنگ کے بعد باؤلنگ اور
فیلڈنگ میں بھی قوم کو مایوس کیا تھا۔