
باکو (آئی آر کے نیوز): وزیرِاعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور وفد کا باکو آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ایئر پورٹ پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم اور نائب وزیرخارجہ نے وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر آذربائیجان کےسفیر خضر فرہادوف اور پاکستانی سفیر قاسم محی الدین پر باکو ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے کے دوران وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے علاوہ بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں پر بات چیت ہوگی تاکہ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھایا جاسکے۔
اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعاون کے متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا دورہ، آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، وسیع تر اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے لیے شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ شہباز شریف کا مارچ 2024 میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔