روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں صدور نے گفتگو میں یوکرین جنگ ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں ملاقات پر اتفاق بھی کیا۔
انٹرنیشنل میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق گفتگو کے دوران روسی صدر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ماسکو آنے کی دعوت بھی دی۔ اس کے علاوہ پیوٹن اور ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ، دو طرفہ تعلقات، یوکرین اور امریکا و روس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر گفتگو کی۔
دونوں صدور کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں، خصوصاً یوکرین کے مسئلے پر گفتگو ہوئی۔ ساتھ ہی ساتھ امریکی حکام کی روس میں میزبانی پر آمادگی کا اظہار بھی کیا گیا۔
ایک اہم ڈویلپمنٹ یہ دیکھنے کو ملی کہ پیوٹن اور ٹرمپ نے رابطے جاری رکھنے اور
بالمشافہ ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے آج روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات کی تاکہ یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے فوری مذاکرات شروع کیے جاسکیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پیوٹن نے آخری بار کسی امریکی صدر سے فروری 2022 میں بات کی تھی جب انہوں نے یوکرین پر حملے سے قبل اس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔