پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، جدید زراعت میں صوبہ پنجاب کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

 


چولستان (آئی آر کے نیوز): چولستان میں "گرین پاکستان" منصوبے کے آغاز پر کنڈائی اور شاپو کے علاقوں میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر گرین مال اینڈ سروس کمپنی، اسمارٹ ایگری فارم، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز کا افتتاح بھی کیا گیا، تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس کے علاوہ تقریب میں نیشنل فوڈ سیکیورٹی و تحقیق کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک بھی شریک ہوئے۔

پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی، وزیر آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ کے علاوہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکریٹری بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، جدید زراعت میں صوبہ پنجاب اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختصر وقت میں پنجاب حکومت کے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کاوشوں اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔

سپہ سالار نے کہا کہ گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت مختصر وقت میں یہ کامیابیاں حوصلہ افزا اور ترقی کی نوید ہیں، فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

  دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہدا کے بچوں اور زخمی ہونے والے غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے لیٹرز بھی دیے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چولستان اور پنجاب میں آج جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، آج ان منصوبوں کا آغاز پنجاب کے کسانوں کی ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے، زراعت کی ترقی کسان کی ترقی اور پاکستان کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی