اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): گزشتہ 5 سالوں میں 28 لاکھ سے زائد پاکستانی وطن چھوڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وطن چھوڑنے والوں کا اہم ڈٰیٹا منظرِ عام پر آیا ہے۔ اس حوالے سے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سالوں میں قانونی ذرائع سے 28 لاکھ پاکستانیوں نے اپنے وطن کو چھوڑا، اس کے علاوہ غیرقانونی طریقے سے ملک چھوڑنے والوں کی تعداد کا کوئی مستند ڈیٹا موجود نہیں۔ یہ تعداد بھی لاکھوں میں ہوسکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 1971 سے 2022 تک ساٹھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ملک چھوڑا، جن میں ڈھائی لاکھ اعلیٰ تعلیم یافتہ، ساڑھے چار لاکھ انتہائی ہنر مند، اور ترپن لاکھ پیشہ ور ہنرمند شامل تھے۔ مراعات یافتہ ہونے کے باوجود 36 فیصد نوجوانوں نے بیرون ملک جانے کو ترجیح دی۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ مختلف سروے کے مطابق ملک میں 37 فیصد افراد ایسے ہیں جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں، جن میں اکثریت ان لوگوں کی ہے، جو پڑھے لکھے نوجوان ہیں۔