افسوسناک خبر؛ بلوچستان میں فورسز پر حملے، 4 اہلکار شہید، 8 زخمی

 

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا — فائل فوٹو: ڈان

کوئٹہ (آئی آر کے نیوز): ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات اور کیچ اضلاع میں فرنٹیئر کور اور لیویز کی چیک پوسٹوں پر مسلح حملے کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک واقعے میں نوشکی کے ایک پولیس اسٹیشن پر بھی حملہ کیا گیا، لیویز چیک پوسٹ کو اتوار کی علی الصبح توگھو چھپیئر کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رعد نے اس حوالے سے اپنے بیان میں بتایا کہ نامعلوم افراد نے چوکی پر فائرنگ کی، لیویز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار شہید جب کہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے ہفتے کی رات دیر گئے نیم فوجی فرنٹیئر کور کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا، حکام کا کہنا ہے کہ چوکی پر تعینات ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 جوان شہید اور 6 دیگر زخمی ہوگئے۔

بعد ازاں تمام زخمیوں کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

حملے کے بعد ایف سی کے مزید دستے علاقے میں پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

جدید تر اس سے پرانی