پیکا قانون کیخلاف تمام درخواستوں پر آئینی بینچ 11 مارچ کو سماعت کرے گا

— فائل فوٹو

کراچی (آئی آر کے نیوز): سندھ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف تمام درخواستوں کی سماعت آئینی بینچ 11 مارچ کو کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

 وفاقی حکومت نے درخواستوں پر جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی، عدالت نے کہا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف تمام درخواستوں کی سماعت آئینی بینچ 11 مارچ کو کرے گا۔

سندھ ہائیکورٹ میں دوران سماعت قائمقام چیف جسٹس جنید غفار نے کہا کہ یہ تو آئینی بنیچ کا کیس بنتا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ کیس آئینی بنیچ کا نہیں ہے بلکہ عدالت سے ڈیکلریشن مانگی گئی ہے۔

جسٹس جنید غفار نے کہا کہ یہ کیس بنیادی انسانی حقوق کے آرٹیکل 19اے کا نہ ہوتا تو آج ہی مسترد کردیتے، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ 2 رکنی عدالت واضح کرچکی ہے کہ ریگولر بینچ ڈیکلریشن دے سکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس فیصلے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں، اس فیصلے کا اطلاق اس کیس میں نہیں ہوتا، تمام فریقین آئینی بنیچ کے سامنے پیش ہوں، پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو مختلف درخواستوں کے ذریعے سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، عدالت نے کہا کہ کیس آرٹیکل 19 اے کا بنتا ہے، استدعا میں ٹوئسٹ کرکے ریگولر بینچ کا کیس بنانے کی کوشش کی گئی ہے، یہ نامناسب ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 10 فروری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست پر سماعت کی تھی۔

 

جدید تر اس سے پرانی