اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے بیرئیر ہٹانے کے کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کردیں۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے سزا معطلی کی درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔ ایڈووکیٹ فیصل صدیقی، ریاست علی آزاد اور زینب جنجوعہ نے اپیلیں دائر کیں۔ اپیلوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں کیے جبکہ ٹرائل شفاف نہ ہونے سے متعلق مختلف عدالتی نظیروں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ اپیلوں میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 10 کے برخلاف جیل ٹرائل کو سیکرٹ ٹرائل کی طرح کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دی جائے۔
درخواستوں میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ اپیلوں کے زیر التوا رہنے تک سزا معطل کرکے دونوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
