پشاور (آئی آر کے نیوز): خیبر پختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، معدنی وسائل سے بھرپور استفادے اور صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے نمائندہ وفد نے گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے امکانات، خام معدنیات کی مائیننگ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور معدنی خام مال کی مقامی سطح پر پراسیسنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چینی سرمایہ کاروں نے خیبر پختونخوا کے قدرتی معدنی وسائل میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مائیننگ، ترقی اور خام معدنیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قابلِ قدر مصنوعات میں تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں ایم پی اے ارباب زرک خان، سیکرٹری معدنیات عامر لطیف ڈی جی معدنیات سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
