اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم جمہوری پاکستان کے لیے ہر طرح کے مذاکرت کے لیے تیار ہیں، ہمیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیں، ہم لکھ کر دیتے ہیں باہر آ کر کچھ نہیں بتائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مجھے کہتے ہیں محمود خان نہیں ملنا چاہتا، میں ملنا چاہتا ہوں اور ہر جگہ مل لوں گا مگر وزیر اعظم ہاؤس اور اسپیکر آفس میں نہیں ملوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو رونے کی بھی اجازت نہیں، یہ مینڈیٹ بھی چوری کرتے ہیں رونے بھی نہیں دیتے، ہم آئین کا رونا رو رہے تھے کہ انہوں نے صوبے میں گورنر راج و ایمرجنسی لگا دی، آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، موجودہ حکومت سب سے بڑی دہشتگرد ہے، جو پارٹیاں اس دہشتگردی کو سپورٹ کررہی ہیں وہ تاریخ کا حصہ بنیں گی۔
