لاہور (آئی آر کے نیوز): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واپس آچکے ہیں، اگر حکومت نے رابطہ کرکے عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی اپنا لانگ مارچ شروع کرے گی، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، پیٹرولیم لیوی عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ہے، حکومت کو اب ریلیف دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر دستخطی مہم شروع کردی ہے، دو کروڑ سے زائد افراد سے دستخط لینے کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے، ملتان سے لانگ مارچ شروع کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے بھی قافلے شامل ہوں گے۔
