9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کور کمانڈر اجلاس میں فیصلہ

 


راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ملک میں ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فورم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی توثیق کرتے ہوئے افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف ہدفی کارروائیوں کے عزم کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری کرنے والی طالبان قیادت اپنے اقدامات کے نتائج کی خود ذمہ دار ہوگی۔ فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’انٹیلیجنس بیسڈ‘ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ عسکری اقدامات کے ساتھ ساتھ غیر عسکری اقدامات کو بھی مؤثر بنایا جائے۔ اس سلسلے میں نچلی سطح پر عوامی فلاح پر مبنی طرز حکمرانی، عوام سے مؤثر روابط، دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر قرار دیا گیا۔ یہ اقدامات نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے مطابق قرار دیے گئے۔

جدید تر اس سے پرانی