ریاض (آئی آر کے نیوز): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملہ ہوا ہے جس کے بعد حکام نے درجنوں افراد زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ریاض کے ایک ہسپتال ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق زخمیوں میں سے اکثریت سعودی شہریوں کی ہے جبکہ بعض زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز یمن کے حوثیوں نے شاہ خالد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں پائلٹ سمیت چار افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ بی بی سی فارسی کے مطابق قطر اور امارات سمیت ایئر لائنز نے ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ریاض ہوائی اڈے پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی دارالحکومت میں کل سے ایک بڑی بین الاقوامی تیل کانگریس شروع ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک نوٹس بھی جاری کیا تھا جس میں مسافروں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہوائی اڈے کے لیے روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔ دوسری جانب سعودی عرب میں کینیڈا، جرمنی اور اسپین کے سفارت خانوں نے اپنے شہریوں سے ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ ہونے کی اطلاعات کے بعد اس سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
