پشاور (آئی آر کے نیوز): سی ایم ہاؤس پشاور میں سینئر پارٹی قیادت کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، لانگ مارچ اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر جنید اکبر خان، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک اور صوبائی وزیر شفیع جان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ موجود صورتحال میں غیر آئینی عمل ہوگا۔ اجلاس میں حکومت کے ساتھ ایک بار پھر مذاکرات پر اتفاق کرتے ہوئے لانگ مارچ اور مذاکرات ساتھ ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ مذاکرات کی صورت میں لانگ مارچ صوابی کے مقام پر رک جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مذاکرات ہوں، لیکن امکان نظر نہیں آرہا۔ لانگ مارچ جاری رہے گا، لیکن مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ ہم چاہتے ہیں مسلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو۔
