مظفرآباد میں شٹر ڈاؤن برقرار

 مظفرآباد (آئی آر کے نیوز): آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سنیچر کے روز مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال دیکھنے میں آئی، جہاں بازار، دکانیں، بینک اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ شہر کی سڑکیں سنسان دکھائی دیں۔ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہی اور شہر کے مختلف مقامات پر ایف سی اور مقامی پولیس کے اہلکار تعینات رہے۔

مقامی صحافی فرحان طارق کے مطابق مظاہرین نے اندرونِ شہر متعدد سڑکوں کو پتھروں اور دیگر رکاوٹوں کے ذریعے بند کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وادی نیلم کو جانے والی مرکزی شاہراہ بھی مظفرآباد سے تقریباً 20 کلومیٹر دور پٹھیکہ کے مقام پر مظاہرین کی جانب سے بند کر دی گئی ہے۔

یہ صورتحال جمعے کے روز نمازِ جمعہ کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے تسلسل میں سامنے آئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں کے مختلف گروپ اچانک سڑکوں پر نکل آئے اور شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی اور اندرونی شاہراہوں کو بند کر دیا۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس دوران ایک مقامی شہری، معید راٹھور، ہلاک ہو گئے۔ معید راٹھور ’آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی‘ میں ملازم تھے۔

جدید تر اس سے پرانی