دوحہ (آئی آر کے نیوز): امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل کے سلسلے میں آئندہ چند روز کے دوران قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک نئے دور کے تکنیکی مذاکرات متوقع ہیں، جہاں دونوں ممالک کی ٹیمیں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔
عرب میڈیا کے مطابق مذاکراتی عمل سے باخبر ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ امریکا اور ایران کی تکنیکی ٹیمیں جلد دوحہ میں ملاقات کریں گی۔
ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کا جائزہ لینا اور اس پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں کو آگے بڑھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق خطے میں کسی بھی ممکنہ کشیدگی یا ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے کے خصوصی ذرائع پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔
