واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ اگر ایران مفاہمتی یادداشت میں طے کردہ شرائط پر عمل نہیں کرتا تو امریکہ ’ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘
اس ہفتے دستخط کیے گئے معاہدے کے تحت امریکہ نے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اپریل سے ایران کے ساحل کی جانب آنے یا جانے والے جہازوں کی آمد و رفت رُکی ہوئی تھی۔
ہیگستھ نے کہا کہ ’اگر ایران وہ نہیں کرتا جو وہ کہتا ہے، یعنی اپنی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی خواہشات ترک کرنا، تو وزارتِ جنگ تیار ہے اور اگر ضرورت پڑی تو کارروائیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔‘
انھوں نے کہا کہ امریکہ کی کسی بھی فوجی کارروائی اور مذاکرات کا مرکز ایران کے جوہری ہتھیار ہوں گے۔
ہیگستھ نے یہ بھی کہا کہ بعض یورپی ممالک ’مزید کردار ادا کرنے‘ اور آبنائے ہرمز میں آمد و رفت بحال رکھنے میں مدد دینے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم انھوں نے براہِ راست برطانیہ سے کہا کہ وہ ’مزید آگے بڑھے، اور مزید کوشش کرے اور اخراجات بڑھائے۔
