کراچی (آئی آر کے نیوز): بی آر ٹی کرپشن کیس میں ملزم ضمیر عباسی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ ساڑھے 8 ارب روپے کرپشن کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کرتے ہوئے یکم جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزم کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے یا نہیں، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ فی الحال ملزم کا بیان ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ تفتیش کے لیے مزید کیا اقدامات درکار ہیں اور جسمانی ریمانڈ کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ محرم کی تعطیلات کے باعث مطلوبہ تفصیلات حاصل نہیں ہو سکیں۔
