اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے الیکشن مہم کے دوران آزاد کشمیر جانے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف کا جون کے وسط میں آزاد کشمیر جانے کا امکان ہے اور ان کے ساتھ مریم نواز بھی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ، قانون کے مطابق کشمیر میں الیکشن مہم میں شرکت کی ہدایت کی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر میں دو سے تین جلسے متوقع ہیں۔
