اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی۔
اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلے کے مطابق استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور دونوں ملزمان جرم کے مرتکب پائے گئے۔
بانی پی ٹی آئی کو جرم ثابت ہونے پر دفعہ 409 کے تحت 10 سال سزا جبکہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بشریٰ بی بی کو بھی 17 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ مجرمان پر فی کس 1 کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جس کی عدم ادائیگی پر مزید 6، 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔
تحریری فیصلے کے مطابق بانی کی عمر زیادہ ہونے اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کا خیال رکھتے ہوئے دونوں کو کم سے کم سزا دی گئی۔ مجرموں کی عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 13 جولائی 2024 کو نیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا، دونوں 37 دن تک نیب کی تحویل میں رہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں کیس کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
