اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسرز (سی ڈی ایف) مقرر کیے جانے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیے جانے کے بعد، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پیر کے روز راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی موجود تھے۔
جمعہ کے روز آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور سی ڈی ایف نامزدگی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، جسے 1970 کی دہائی کے بعد سے فوجی کمانڈ میں سب سے بڑی تنظیمِ نو قرار دیا جا رہا ہے۔
نئی ترتیب کے تحت آپریشنل، انتظامی اور اسٹریٹجک اختیارات کو ایک واحد عہدے میں مجتمع کر دیا گیا ہے، جو آئین کے آرٹیکل 243 میں 27ویں ترمیم کے ذریعے قائم کیا گیا۔
