اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): گزشتہ روز ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی رائے مسترد کردی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس اہم اجلاس میں جسٹس منیب اختر نے جسٹس محسن اختر کیانی کو سپریم کورٹ کا جج لگانے کی رائے دی اور ان کی اس رائے سے جوڈیشل کمیشن کے کسی ممبر نے اتفاق نہیں کیا۔
اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کو سپریم کورٹ جج لگانے کا واحد ووٹ جسٹس منیب اختر نے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس ظفر احمد راجپوت کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس محمد کامران ملا خیل کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کی متفقہ طور پر سفارش کی گئی جب کہ اکثریتی فیصلے کے ذریعے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
