پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کو گرفتار کرلیا گیا

 

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کو گرفتار کرلیا  گیا۔

رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کو گرفتار کیا ہے۔

احمد جواد کو پیکا قانون کے تحت جی 13 اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، احمد جواد کو عدالت سے ضمانت  قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

قبل ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے ان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی،  ایف آئی آر کے متن کے مطابق پاک بھارت جنگ کے دوران ایسی پوسٹ شئیر کی گئیں جو جھوٹ پر مبنی اور ریاست مخالف تھیں، ایسی پوسٹ شئیر کیں جس سے اداروں اور شخصیات کو تضحیک کا نشانہ بنایا جائے۔

 وکیل صفائی  نے کہا کہ احمد جواد کو ایک مرتبہ بھی انکوائری کیلئے نہیں بلایا گیا، امریکا کے صدر نے جنگ بند ہونے کا کہا، احمد جواد نے بھی کہا جنگ بندی ہوئی، کیا جنگ بندی کی خبر دینا غلط ہے یا خوف و ہراس پھیلانا ہے، راولپنڈی میں آکر میزائل لگے کیا اس سے خوف ہراس نہیں پھیلا۔

وکیل احمد جواد نے کہا کہ  جب ٹویٹس میں کسی شخص کا نام نہیں لیا  تو کیسے ہتک عزت ہو سکتی ہے، پوری ایف آئی آر ہم نے دیکھی ابھی تک معلوم نہیں شکایت کنندہ انیس الرحمن کون ہے۔

وکیل احمد جواد  نےمؤقف اپنایا کہ ایک شہری انیس الرحمن کیسے پوری ریاست کی اور کس حیثیت میں نمائندگی کرسکتا ہے، کیا حکومت یا شہری کا بیان ریکارڈ ہوا کہ ان کو جنگ بندی کے ٹویٹ سے کیا مسئلہ ہوا، ایک ٹویٹ پر کسی کو بلا وجہ گرفتار کر لینا غیر قانونی ہے۔

پراسیکیوٹر  نے کہا کہ پیکا ایکٹ میں لکھا ہے کہ درخواست گزار کوئی بھی ہو سکتا ہے، "میری گل ہوگئی" ایسے جملے ہم سب جانتے ہیں کس کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج افضل مجوکہ نے احمد جواد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

جدید تر اس سے پرانی