راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) علی امین گنڈاپور کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی، ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔
علی امین گنڈا پور نے 2 گھنٹے سے زائد وقت تک عمران خان سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سے ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وکیل کے پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 3 ہفتے کے لیے کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکا ہے۔
جج نے کہا کہ آپ درخواست دیں میں دیکھ لیتا ہوں۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل کی جانب سے وارنٹ منسوخی کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
بعد ازاں آڈیو لیک کیس پر سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی گئی، علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔