اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے پیش رفت شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ایف نائن پارک کو منتخب کر لیا ہے، جب کہ اس منصوبے میں سابق قومی کرکٹر راشد لطیف کو مشاورتی خدمات کے لیے آن بورڈ لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد لطیف اسٹیڈیم کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں پر سی ڈی اے کو مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔ راشد لطیف اس سے قبل اسلام آباد کلب کی تعمیر میں بھی کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔
ایف نائن پارک چونکہ گرین ایریا میں شامل ہے، اس لیے اس منصوبے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ سے کلئیرنس لینے پر غور کر رہا ہے تاکہ کسی قانونی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔
منصوبے کے تحت کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی زیادہ تر رقبہ گرین ایریا پر مشتمل رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جیسا کہ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے جدید کرکٹ اسٹیڈیمز میں دیکھا گیا ہے، جہاں چند مخصوص انکلوژرز کے سوا باقی علاقہ سبزہ زار ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شکرپڑیاں میں اسٹیڈیم کی تعمیر کو سپریم کورٹ نے ماحولیاتی اور قانونی وجوہات کی بنا پر روک دیا تھا، جس کے بعد سی ڈی اے نے ایف نائن پارک کو ممکنہ متبادل کے طور پر چُنا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے منصوبے کی حتمی منظوری اور قانونی پیچیدگیوں کے حل کے بعد جلد ہی اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز متوقع ہے، جس کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت کو جلد ہی ایک عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم میسر آ سکے گا۔