لاہور (شوبز ڈیسک): سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع کردی گئی۔
لاہورکی مقامی عدالت نے 28 اگست کو ڈکی بھائی کا سوشل میڈیا پر جوا ایپلیکیشنز کے مبینہ فروغ کے مقدمے میں چار دن کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی۔
ڈکی بھائی کو عدالت میں پیش کیا گیا، حکومت کے وکیل نے کہا کہ ابھی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اسی لیے ان کے مزید ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی۔
تاہم، یوٹیوبر کے وکیل چوہدری عثمان علی نے اس توسیع کی مخالفت کی، مگر عدالتی مجسٹریٹ نے ایجنسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کو 1 ستمبر تک منظور کرلیا۔
ڈکی بھائی کو 17 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔
ان کے خلاف مقدمہ 17 اگست کی نصف شب این سی سی آئی اے لاہور کی جانب سے ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں سیکشن 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، سیکشن 14 (الیکٹرانک فراڈ)، سیکشن 25 (اسپیم) اور سیکشن 26 (اسپوفنگ) شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-بی اور 420 کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے۔
یہ مقدمہ 13 جون کی ایک انکوائری سے متعلق ہے، جو قابل اعتماد ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر درج کی گئی کہ کچھ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے مالی فوائد کے لیے جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی عوامی سطح پر تشہیر کر رہے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق عوام نے ان ایپس میں اپنی محنت کی کمائی لگائی اور مالی نقصان اٹھایا، اس میں سعد الرحمن پر مختلف جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز بشمول بنومو، 1ایکس بیٹ، بیٹ 365، بی 9 گیم وغیرہ کو اپنے یوٹیوب چینل پر تشہیر کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔