اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا اور فی من گندم کی قیمت 3100 روپے ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت پنجاب نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سرکاری گندم مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم 3100 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ 15 دنوں میں گندم کی قیمت میں فی من 700 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت گزشتہ ایک ہفتےکے دوران 300 روپے تک بڑھ چکی ہے۔
تاہم، حکومت پنجاب کی جانب سے 2900 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ میں سرکاری گندم لانے سے استحکام آئے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 217 روپے تک بڑھ گئی، کراچی اور اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے میں سیالکوٹ میں آٹےکا 20 کلو کا تھیلا 217 روپے تک مہنگا ہوا، جب کہ لاہور ، گوجرانوالہ، ملتان اور بنوں میں قیمت 200 روپے تک بڑھ گئی ہے۔