چینی کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ

 

لاہور (آئی آر کے نیوز): ملک میں 2 روزہ وقفے کے بعد چینی کی ایکس مل اور تھوک قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس سے حکومتی کریک ڈاؤن اور کنٹرول اقدامات مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن، رؤف ابراہیم کے مطابق فی کلو ایکس مل چینی کی قیمت 165 روپے سے بڑھ کر 172 تا 173 روپے ہو گئی ہے، جبکہ تھوک مارکیٹ میں چینی 170 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 176 تا 177 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریٹیل مارکیٹ میں فی کلو چینی کی قیمت 190 روپے سے بڑھ کر 195 روپے کے درمیان پہنچ چکی ہے۔ رؤف ابراہیم نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری اور مؤثر مانیٹرنگ نہ کی تو چینی کی قیمت دوبارہ 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں حکومت کی جانب سے چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مختلف سطح پر کریک ڈاؤن اور کارروائیاں کی گئی تھیں، تاہم قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ اقدامات فی الحال مؤثر ثابت نہیں ہو سکے۔ عوامی حلقوں میں مہنگائی پر تشویش بڑھ رہی ہے اور حکومت سے فوری ریلیف کی امید کی جا رہی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی