لاہور: 9 مئی کے مقدمات میں بڑی پیش رفت، یاسمین راشد، عمر چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

 انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ روز ملزمان کے خلاف مقدمات کا فیصلہ سنایا تھا۔
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور (آئی آر کے نیوز): لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق تمام ملزمان کو دس، دس برس قید اور چھ، چھ لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو مجرموں کی سزا پر عملدرآمد کے لیے جیل وارنٹ بھی جاری کر دیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر سزا سنائی۔ ان کے خلاف تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں مقدمات درج تھے۔

گزشتہ روز عدالت نے ان دونوں مقدمات پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ ان پر راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے کا الزام تھا، تاہم ثبوت نہ ملنے پر انہیں رہا کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج پھوٹ پڑا تھا۔ اس روز مظاہروں کے دوران متعدد سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، جس پر کئی مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سے دو اہم مقدمات کا فیصلہ اب سامنے آ چکا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی