وزیراعظم لاہور پہنچ گئے، شاہدرہ کے مقام پر ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک کا ریلا

 دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے کی اطلاع ہے۔
—فوٹو: ایکس

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم شہباز شریف پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے لاہور پہنچ گئے ہیں، صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہائو میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انہیں ریسیو کیا، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہیلی کاپٹر سے نارووال اور شکرگڑھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا، اس دوران انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔

دوسری جانب دریائے راوی میں سیلاب کے باعث ملحقہ آبادیوں سے انخلا کروا دیا گیا، لاہور کے علاقے تھیم پارک، چوہنگ سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوا۔

اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) رائیونڈ کے مطابق 2 ہزار 500 گھروں کو خالی کروایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اور 35 ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ، طبی اور ویٹرنری کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جب کہ یو این او سی ایچ اے کے مطابق اس مون سون سیزن میں ہلاکتیں گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 3 گنا زیادہ ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد نے بتایا تھا کہ 39 ہزار 638 افراد کو مختلف اضلاع سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جن میں سیالکوٹ، سرگودھا، چنیوٹ، گوجرانوالہ، ننکانہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، گجرات، لاہور، نارووال، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور اور لودھراں شامل ہیں۔

 

جدید تر اس سے پرانی