مکھیوں کا طیارے پر "قبضہ"، پرواز تاخیر کا شکار

 Swarming Bees - What is the reason for this?

نئی دہلی (ویب ڈیسک): بھارت کے شہر سورت میں شہد کی مکھیوں کے ایک جھنڈ نے ایئرپورٹ پر کھڑے مسافر بردار طیارے کو گھیر لیا، جس کے باعث جہاز کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق سورت سے جے پور جانے والی پرواز ایئر بس اے 320 کو شام 4 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہونا تھا، تاہم شہد کی مکھیوں کی موجودگی کے باعث پرواز تاخیر سے شام 5 بج کر 26 منٹ پر روانہ ہو سکی۔

مسافر طیارے میں سوار ہو چکے تھے اور سامان لادنے کا عمل جاری تھا کہ اچانک شہد کی مکھیوں کا ایک بڑا غول سامان کے دروازے پر آ بیٹھا۔ غیر معمولی صورتِ حال کے باعث ایئرپورٹ عملہ پریشانی میں مبتلا ہو گیا اور فوری طور پر مکھیاں ہٹانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔

پہلے دھواں استعمال کیا گیا لیکن مکھیوں نے جگہ نہیں چھوڑی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ فائر عملے نے پانی کی تیز دھار سے مکھیوں کو بھگایا، جس کے بعد طیارے کے سامان کا دروازہ کھول کر باقی عمل مکمل کیا گیا۔

حکام کے مطابق مکھیاں بھگانے کے بعد طیارہ محفوظ طریقے سے روانہ ہو گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ماسکو میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جب شہد کی مکھیوں نے ایک طیارے پر قبضہ جما لیا تھا، جس سے پرواز متاثر ہوئی تھی۔

جدید تر اس سے پرانی