اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت نے اعلیٰ بیوروکریسی کی کارکردگی سے مایوس ہو کر اہم سرکاری عہدوں پر نجی شعبے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سات وفاقی وزارتوں کے لیے سیکریٹریز نجی شعبے سے بھرتی کیے جائیں گے، جس کے لیے حکومت کی جانب سے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جن وزارتوں کے لیے نجی شعبے سے افسران لیے جا رہے ہیں ان میں وزارت خزانہ، پٹرولیم، توانائی، صنعت و پیداوار، قومی فوڈ سیکیورٹی، منصوبہ بندی و ترقی اور ووکیشنل تربیت کی وزارتیں شامل ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اعلیٰ بیوروکریٹس کی مسلسل ناقص کارکردگی اور پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد میں ناکامی کے باعث اٹھایا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ جدید تقاضوں اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین زیادہ بہتر طریقے سے وزارتوں کو چلا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان بھرتیوں کے ذریعے سرکاری نظام میں شفافیت، کارکردگی اور جدید انتظامی مہارتیں لانے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ پالیسی سازی اور اس پر عملدرآمد کے درمیان موجود خلا کو پُر کیا جا سکے۔