پشاور (آئی آر کے نیوز): وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے عوامی نمائندوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ قافلہ کسی احتجاج کا حصہ نہیں بلکہ ایک پرامن اور جمہوری پیغام ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ قافلہ غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف ایک پُرامن ردعمل ہے، جس کا مقصد صرف اور صرف جمہوری روایات اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر نکلی ہے اور جو عناصر اسے احتجاج سمجھ رہے ہیں، وہ جان لیں کہ ہم کسی انتشار کے خواہاں نہیں بلکہ جمہوریت کے علمبردار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس قافلے کا ہر قدم آئین و قانون کی سربلندی اور عوامی نمائندگی کے حق کا استعارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں کی پامالی پر خاموشی اختیار کرنا ناانصافی ہوگی، اس لیے ہم اپنے ان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جنہیں غیر جمہوری طریقے سے ایوان سے نکالا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری جانب سے ہر بات امن اور آئین کی بالادستی کے تناظر میں کی جا رہی ہے، اور اس قافلے کا مقصد نفرت نہیں بلکہ اتحاد و محبت کا پیغام دینا ہے۔