عمران خان کے بیٹوں کی واپسی ان کا حق ہے، پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس

 عمران خان کے بیٹوں کا واپس آنا ان کا بنیادی حق ہے اور  وہ آئیں گے: سلمان اکرم راجہ

لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور معروف قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے بیٹوں کا پاکستان واپس آنا ان کا آئینی اور بنیادی حق ہے، اور وہ ضرور آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے اسلام آباد میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی شرکت کی اور ارکان سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم لاہور روانہ ہو رہے ہیں جہاں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر اہم مشاورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے ہمارا بنیادی حق ہے، مگر یہ حق ہم سے چھین لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری نیت صرف عوام سے رابطہ اور ان کے مسائل سننا ہے، ہمارا قافلہ کسی احتجاج کے لیے نہیں بلکہ بات چیت اور ملاقاتوں کے لیے لاہور جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج اور کل ملاقاتوں کے بعد واپس اسلام آباد آئیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ لاہور جانے والے تمام ارکانِ اسمبلی پارلیمنٹیرین ہیں، اور ان کے خلاف گرفتاریوں کا کوئی امکان نہیں، ایسی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مشاورت ضروری ہے، اور یہی ہماری میٹنگز کا مقصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔

جدید تر اس سے پرانی