نیوجرسی (آئی آر کے نیوز): سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" کے مالک ایلون مسک کی جانب سے نئی سیاسی جماعت بنانے کے اعلان کو "مضحکہ خیز اور غیر ضروری" اقدام قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایلون مسک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ "امریکا پارٹی" کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت قائم کر رہے ہیں جس کا مقصد عوام کو آزادی دلانا اور موجودہ سیاسی نظام کو چیلنج کرنا ہے۔
اس اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے نیوجرسی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ "تیسری جماعت بنانا ایک فضول اور غیر ضروری خیال ہے، اس سے صرف سیاسی الجھن میں اضافہ ہوگا۔" ان کا کہنا تھا کہ اگر ایلون مسک کو یہ سب کرنا اچھا لگتا ہے تو وہ ضرور کریں، لیکن یہ اقدام کارآمد نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ رواں ہفتے حماس سے ممکنہ معاہدہ متوقع ہے، جب کہ وہ جمعے کے روز سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ماضی میں ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ٹرمپ نے انہیں اپنی حکومت کے دوران محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کا سربراہ بھی مقرر کیا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی اور مسک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔