الزامات بے بنیاد ہیں، پی ٹی آئی کے کئی رہنما بھی چیف الیکشن کمشنر سے ملتے رہے: اعلامیہ

 

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): الیکشن کمیشن نے جاری اعلامیے میں چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر ارکان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چند مفاد پرست عناصر اور گروہ مسلسل ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ارکان آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی دباؤ، مداخلت یا ذاتی مفاد کے فیصلے کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے حالیہ دنوں اسپیکر پنجاب اسمبلی سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات پر اٹھنے والے اعتراضات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تبصرے حقیقت کے برعکس ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماضی میں بھی کئی اعلیٰ سرکاری اور سیاسی شخصیات آئینی اور انتظامی امور کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتی رہی ہیں، جن میں سابق صدر مملکت، مختلف وزرائے اعلیٰ اور تحریک انصاف کے رہنما بھی شامل رہے ہیں۔

اعلامیے میں صاحبزادہ محمد حامد رضا کے الزامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں "پی ٹی آئی نظریاتی" کا ذکر کیا تھا اور سنی اتحاد کونسل کا کوئی ٹکٹ جمع نہیں کروایا۔ انتخابی قانون کے مطابق انہیں آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی نشان الاٹ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خود انہوں نے تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو بتایا کہ عام انتخابات دو ہزار چوبیس میں سنی اتحاد کونسل کے ٹکٹ پر کسی امیدوار نے حصہ نہیں لیا، اس لیے خواتین امیدواروں کی فہرست جمع کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کا آئینی حدود میں رہ کر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا درست ہے، مگر الزامات اور جھوٹ پر مبنی بیانات افسوسناک ہیں۔ ادارے نے عوام اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جھوٹے بیانیے سے گریز کریں۔

جدید تر اس سے پرانی