لاہور (آئی آر کے نیوز): پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعے پر معطل اپوزیشن ارکان کو جرمانے کی رقم فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے اسمبلی کے اجلاس کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے 10 ارکان پر فی کس 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر یہ جرمانہ 20 لاکھ روپے سے زائد بنتا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری چوہدری عامر حبیب کی جانب سے معطل اراکین کو باقاعدہ یاد دہانی کروائی گئی ہے کہ وہ مقررہ جرمانہ فوری طور پر جمع کروائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف پنجاب گورنمنٹ ڈیو ریکوری آرڈیننس 1962 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ 16 جون 2025 کے اجلاس کے دوران پیش آیا تھا، جب اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے ڈیسکوں پر چڑھ کر مائیک توڑ دیے تھے اور ایوان کا نظم و ضبط بری طرح متاثر ہوا تھا۔ ویڈیو شواہد کی بنیاد پر اسپیکر نے کارروائی کرتے ہوئے اپوزیشن کے 10 ارکان کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اسمبلی قواعد 223 (ر) اور 235 کے تحت کارروائی کی گئی، جس کے تحت ایوان کے تقدس اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اس پیش رفت کو سیاسی سطح پر ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایوان کے ماحول کو بہتر بنانے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔