اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک اور بری خبر، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 36 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول 272 روپے 15 پیسے اور ڈیزل 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 16 جولائی سے شروع ہونے والے پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 2 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 2.5 فیصد اضافہ متوقع تھا، جو اب نوٹیفکیشن کی صورت میں سامنے آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول عوام کی بڑی تعداد، خصوصاً موٹر سائیکل، رکشہ اور نجی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کے لیے روزمرہ کی بنیادی ضرورت ہے، اور اس کی قیمت میں اضافہ براہِ راست متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو متاثر کرتا ہے۔ حکومت کی جانب سے مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اس رجحان نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔