اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت دو سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں تین روپے 52 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق فی الوقت ملک میں چینی کی اوسط قیمت 188 روپے 44 پیسے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی جیسے بڑے شہروں میں چینی دو سو روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 184 روپے 92 پیسے تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق اگر پچھلے سال کی قیمت سے موازنہ کیا جائے تو ایک سال میں چینی کی اوسط قیمت میں 42 روپے 56 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک سال قبل یہ قیمت 145 روپے 88 پیسے فی کلو تھی۔
دوسری جانب، حکومت نے گزشتہ ماہ چینی کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی درآمد کا مقصد ملک میں رسد کو مستحکم کرنا اور قیمتوں میں توازن لانا تھا۔
تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی فیصلے کے باوجود ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے باعث قیمتوں میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عام شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور چینی کی قیمت کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ بنیادی ضرورت کی اس شے کو عام آدمی کی پہنچ سے دور نہ ہونے دیا جائے۔