خیبرپختونخوا کے سرکاری افسران کا گاڑیوں کا ذاتی استعمال، رپورٹ میں انکشاف


پشاور (آئی آر کے نیوز): خیبرپختونخوا میں سرکاری افسران کی جانب سے گاڑیوں کے ذاتی اور غیر سرکاری استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جسے آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کے دوران نگران حکومت کے تحت محکمۂ انتظامیہ کی 70 سرکاری گاڑیاں ذاتی مقاصد اور شادی بیاہ جیسی تقریبات میں استعمال کی گئیں، جس پر سخت اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کے لیے ایک کروڑ 23 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کا ایندھن صرف کیا گیا، جو مکمل طور پر ذاتی استعمال میں آیا۔ اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ مذکورہ گاڑیاں صدر، وزیراعظم یا کسی اعلیٰ شخصیت کے سرکاری دوروں میں استعمال نہیں ہوئیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑیوں اور وسائل کا استعمال سرکاری ذمہ داریوں کی بجائے نجی کاموں کے لیے کیا گیا۔

رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد انتظامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال کا حساب لیا جائے۔

جدید تر اس سے پرانی