اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان سے حلف لینے کے لیے اجلاس طلب نہیں کیا، لہٰذا اب آئینی طور پر گورنر صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 2 جولائی 2025 کو خواتین اور غیر مسلموں کے لیے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، مگر ان ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ حلف نہ لینے کے باعث یہ ارکان اسمبلی اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں نہ ہی سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے، اس سلسلے میں اسپیکر کو منتخب ارکان سے حلف لینے کی درخواست کی گئی تھی، لیکن اسپیکر نے موقف اختیار کیا کہ چونکہ فی الحال اسمبلی کا اجلاس جاری نہیں، اس لیے وہ ازخود اجلاس نہیں بلا سکتے۔
الیکشن کمیشن نے خط میں آئین کے آرٹیکل 109 اور 105 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ اپنی صوابدید پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں، تاہم وہ یہ اختیار وزیراعلیٰ یا کابینہ کی مشاورت سے ہی استعمال کریں گے۔
خط میں پشاور ہائیکورٹ کے 27 مارچ 2024 کے فیصلے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ صوبائی حکومت مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان سے حلف دلوانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں تاحال وزیراعلیٰ کی جانب سے اسمبلی اجلاس بلانے کی ایڈوائس موصول نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جلد از جلد ان سے حلف لیا جائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اسمبلی اجلاس بلانے کی ایڈوائس ارسال کریں تاکہ ان ارکان کو آئینی کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔