خاتون کو حمل کا علم اسپتال میں داخلے کے ایک گھنٹے بعد، اچانک بیٹے کو جنم دے دیا

 

ایزو (ویب ڈیسک): چین کے صوبہ ہووبی کے شہر ایزو میں ایک غیر معمولی اور حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون کو اپنے حمل کا اس وقت علم ہوا جب وہ معدے کی تکلیف کے باعث اسپتال پہنچی، اور صرف ایک گھنٹے بعد اس نے بیٹے کو جنم دے دیا۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لی نامی خاتون (جن کا مکمل نام ظاہر نہیں کیا گیا) دوپہر کے کھانے کے بعد معدے کی شدید تکلیف میں مبتلا ہو گئیں۔ انہیں گمان تھا کہ شاید بسیار خوری کی وجہ سے یہ تکلیف ہوئی ہے، اسی لیے انہوں نے اپنی الیکٹرک بائیک خود چلائی اور مقامی اسپتال پہنچ گئیں۔

اسپتال میں جب ان کی تکلیف میں شدت آئی تو فوری طور پر الٹرا ساؤنڈ کیا گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ خاتون حاملہ ہیں۔ مزید معائنے کے دوران بچے کی پیدائش کی علامات ظاہر ہوئیں، جس پر ڈاکٹروں کی ٹیم فوری طور پر متحرک ہوئی۔

صرف ایک گھنٹے بعد، شام 3 بج کر 22 منٹ پر خاتون نے ایک صحت مند بیٹے کو جنم دیا، جس کا وزن تقریباً ڈھائی کلو گرام تھا۔ پیدائش کے بعد ماں اور بچے دونوں کو مزید معائنے کے لیے میونسپل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

لی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "جب ڈاکٹروں نے مجھے بتایا کہ میں حاملہ ہوں تو میں ششدر رہ گئی۔" انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ان کا دوسرا بیٹا ہے، جبکہ پہلا بیٹا چھ برس کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مزید بچوں کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور اس حوالے سے مکمل احتیاط بھی برتی گئی تھی۔

خاتون کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کے وزن میں معمولی اضافہ ہوا تھا، مگر انہیں روایتی حمل کی علامات محسوس نہیں ہوئیں۔ "مجھے اندازہ ہی نہیں ہوا کہ میں حاملہ ہوں اور میں معمول کے مطابق سفر کرتی رہی۔ خوش قسمتی سے میرا بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔"

بچے کی غیر متوقع آمد پر لی کے شوہر، جو دوسرے شہر میں ملازمت کرتے ہیں، فوری طور پر واپس گھر پہنچ گئے۔ اس انوکھے واقعے نے چین بھر میں حیرت کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ اس نوعیت کے واقعات نہایت کم اور غیرمعمولی تصور کیے جاتے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی