اسرائیلی بمباری سے 6 بچوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید

 Reuters A Palestinian looks on at the site of an Israeli strike that destroyed residential buildings at al-Shati refugee camp, in northern Gaza (4 July 2025)

غزہ (آئی آر کے نیوز): غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے برطانوی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق گزشتہ رات جنوبی شہر خان یونس اور شمالی علاقے میں واقع کیمپوں پر کیے گئے دو فضائی حملوں میں کم از کم 20 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔ ایجنسی کے ترجمان محمود باصل نے فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ پہلا حملہ آدھی رات کے فوراً بعد خان یونس میں ایک خیمہ بستی پر کیا گیا، جہاں بے گھر افراد رہائش پذیر تھے، جبکہ دوسرا حملہ کچھ دیر بعد شمالی غزہ کے ایک اور کیمپ کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق آج صبح سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں مزید 16 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ الشاطی پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 8 افراد شہید ہوئے، دیر البلح میں ایک گھر پر حملے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ خان یونس میں خیموں پر کیے گئے ڈرون حملے میں بھی 2 افراد شہید ہوئے۔

دوسری جانب برطانیہ کے سرکاری دورے پر موجود فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر اور کسی شرط کے بغیر روکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تباہ کن ہے اور مغربی کنارے میں بھی روزانہ ظلم جاری ہے، جس کے باعث فلسطینی ریاست کے قیام کا خواب خطرے میں پڑ چکا ہے۔

صدر میکرون نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فرانس کے ساتھ مل کر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے، کیونکہ یہی دو ریاستی حل مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی واحد امید ہے۔

جدید تر اس سے پرانی