راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو پارٹی معاملات سے مائنس کر دیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو مائنس کر دیا ہے؟ تو علیمہ خان نے جواب دیا: میرا خیال ہے کہ (عمران) واقعی مائنس ہو چکے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ خیبرپختونخوا کے بعض اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اتنے طاقتور ہیں کہ ہم انہیں انکار نہیں کر سکتے، تو علیمہ خان نے دو ٹوک جواب دیا: اگر بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو پھر گھر چلے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا تھا، جب کہ عمران خان نے 17 جون کو اپنے ایک پیغام میں واضح ہدایت جاری کی تھی کہ بجٹ کی منظوری اس وقت تک نہ دی جائے جب تک علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، مزمل اسلم، تیمور جھگڑا اور شبلی فراز اڈیالہ جیل آ کر انہیں بجٹ پر بریفنگ نہ دے دیں۔
علیمہ خان کے حالیہ بیان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور قیادت سے متعلق فیصلوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔