اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق وزیر اعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی پیشی کے معاملے پر انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزارتِ قانون کو دوبارہ خط ارسال کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا کی سربراہی میں ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے یا ان کا جیل ٹرائل کرانے کے حوالے سے وزارتِ قانون کو ایک بار پھر خط لکھ دیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ اس سے قبل بھی وزارتِ قانون کو خط بھیجا گیا تھا، مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس صورتحال کے باعث عدالت نے پیش رفت ممکن بنانے کے لیے وزارتِ قانون کو دوبارہ خط ارسال کیا ہے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باعث کوئی باضابطہ کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی، تاہم پارٹی کے دیگر رہنما سینیٹر شبلی فراز، راجا بشارت اور علی نواز اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے ہمراہ وکلا سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، مرتضیٰ طوری اور دیگر قانونی نمائندگان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ تھانہ رمنا میں بانی تحریک انصاف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے سلسلے میں دو مقدمات درج ہیں جن پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک وزارتِ قانون کے جواب کا انتظار کرتے ہوئے کیس کی کارروائی ملتوی کر دی۔