کراچی (آئی آر کے نیوز): سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے ایک بار پھر بانی پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح سے بچپن میں کی گئی اپنی ملاقات کی بات کو دہراتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان نے انہیں قوم کے لیے پیغامات بھی دیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل رحمٰن نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایک بار پھر بانی پاکستان سے ملاقات کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ انہوں نے قائد اعظم کے ساتھ تصویر بھی بنوائی تھی۔
فیصل رحمٰن نے بتایا کہ انہوں نے قائد اعظم سے 10 سے 12 سال کی عمر کے درمیان ملاقات کی تھی، انہوں نے 1947 کے اختتام یا پھر 1948 کے آغاز میں ان سے ملاقات کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران قائد اعظم نے ان سے خوشگوار انداز میں بات کی اور انہیں خوبصورت چھوٹا بچہ قرار دیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملاقات کے دوران بانی پاکستان نے انہیں قوم کے لیے متعدد پیغامات بھی دیے جو کہ وہ وقت آنے پر قوم کو بتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ہر پوڈکاسٹ یا انٹرویو کے دوران قائد اعظم کا ایک پیغام قوم کو بتائیں گے، بانی پاکستان نے انہیں متعدد پیغامات دیے تھے۔
فیصل رحمٰن کے مطابق بانی پاکستان نے انہیں قوم کی خودمختاری اور قوم کو مضبوط رہنے کے پیغامات دیے تھے جو کہ وہ ترتیب وار ہر انٹرویو میں قوم کو بتائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی 89 برس کے ہوجائیں گے، وہ اپنی صحت مند زندگی سے متعلق بھی اپنے مداحوں کو ٹپس دیں گے۔
گزشتہ ماہ مئی میں بھی انہوں نے اے آر وائے کے پروگرام میں بتایا تھا کہ جب وہ قائد اعظم سے ملے تھے، تب ان کی عمر 10 سال تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل میں بھی فیصل رحمٰن نے ایک ٹی وی پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ بچپن میں قائد اعظم سے ملے تھے لیکن انہیں صحیح سے اپنی عمر یاد نہیں۔
اب انہوں نے مزید بتایا ہے کہ نہ صرف انہوں نے قائد اعظم سے ملاقات کی بلکہ بانی پاکستان نے انہیں قوم کے نام پیغامات بھی دیے۔