امریکا کو سفارت کاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے: روس

 

اقوم متحدہ میں روس کے مستقل مندوب ویسلی نیبینزیا نے کہا ہے کہ ایران پر حملے سے کسی کو علم نہیں کہ کیا تباہی آسکتی ہے جب کہ امریکا کو سفارت کاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام آئی اے ای اے کے مطابق کام کررہا ہے۔

انہوں نے ایران کے خلاف امریکا کے حملے غیرذمہ دارانہ اور خطرناک اقدامات قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔

روسی مندوب نے ایران کے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو سفارت کاری میں کوئی دلچسپی نہیں۔

دوسری جانب، سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی مندوب نے کہا کہ امریکا نے کل رات تاریخ کا دھارا بدل دیا ہے، دنیا کو ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں پر امریکا کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

اسرائیلی نمائندے نے امریکی حملوں کی مذمت کرنے والے ممالک کا نام لیے بغیر اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس وقت کہاں تھے جب ایران اپنے جوہری پروگرام کو آگے بڑھا رہا تھا۔

انھوں نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں نتائج حاصل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

 

جدید تر اس سے پرانی